لاہور: حکومت پنجاب نے پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان ہونے والی سہ ملکی کرکٹ سیریز کے لیے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق سیریز کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان آرمی، رینجرز اور ایوی ایشن اثاثے تعینات کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں آرمی اور رینجرز کی ایک ایک کمپنی سکیورٹی کے فرائض انجام دے گی، جب کہ راولپنڈی میں تین تین کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ لاہور میں آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز بھی فضائی نگرانی کے لیے استعمال کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے وضاحت کی ہے کہ سکیورٹی کے انتظامات آئین کے آرٹیکل 245 اور پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کے تحت کیے جا رہے ہیں۔ سیریز کے میچز، ٹیموں کے قیام، ہوٹلوں، اسٹیڈیمز اور ٹریول روٹس پر سکیورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ کنٹرول رومز اور کمانڈ سینٹرز کے ذریعے تمام کارروائیوں کی براہِ راست نگرانی کی جائے گی۔
ترجمان محکمہ داخلہ نے بتایا کہ سہ ملکی سیریز کے میچز 11 سے 27 نومبر تک شیڈول ہیں، اور اس مقصد کے لیے فوج اور رینجرز کی خدمات 8 نومبر سے 30 نومبر تک حاصل کی جائیں گی۔
حکومت پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ سیریز کے دوران شائقین کرکٹ کو محفوظ، پرامن اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر سکیورٹی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ رہیں اور ہر سطح پر بہترین ہم آہنگی برقرار رکھیں۔

