پارانا: برازیل کی ریاست پارانا میں آنے والے طوفانی بگولوں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق اور 750 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، طوفانی بگولوں نے درجنوں گھروں کی چھتیں اُڑا دیں، بجلی کے کھمبے زمین بوس ہوگئے اور متعدد عمارتوں، دکانوں اور پٹرول پمپس کو شدید نقصان پہنچا۔
عینی شاہدین کے مطابق، بگولے اچانک بنے اور چند منٹوں میں پورے علاقے کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔ تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا، جبکہ کئی مقامات پر زمینی رابطے منقطع ہو گئے۔
مقامی حکام کے مطابق، متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ فائر بریگیڈ، ریسکیو ٹیمیں اور فوجی اہلکار ملبہ ہٹانے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ پارانا سمیت جنوبی برازیل میں شدید موسمی تغیرات اور غیر معمولی ہوا کے دباؤ کے باعث بگولوں کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ حکام نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید طوفانی بگولوں کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
یہ قدرتی آفت مقامی آبادی کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنی ہے، جہاں سیکڑوں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں بھی رکاوٹیں درپیش ہیں۔ برازیلی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے نقصانات کے ازالے کے لیے فوری امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

