اسلام آباد: بین الاقوامی پارلیمانی تعاون کے فروغ کے لیے منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کے لیے مختلف ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ یہ کانفرنس 11 تا 12 نومبر 2025ء چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں منعقد ہوگی، جس کا مقصد عالمی امن، ترقی، اور پارلیمانی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
غیر ملکی مہمانوں کے استقبال کے لیے سینیٹر ندیم احمد بھٹو، سینیٹر سرمد علی اور دیگر سینئر افسران ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ سینیٹ آف پاکستان کے سینئر ڈائریکٹر جنرل طارق بن وحید نے بھی مختلف ممالک سے آنے والے وفود کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
سعودی عرب کے وفد کی قیادت نائب چیئرمین شوریٰ کونسل عبداللہ بن عدم فلاتعہ کر رہے ہیں، جبکہ کینیا کے ڈپٹی اسپیکر فراح مالم محمد، فلسطینی اسپیکر روحی احمد محمد فتوح، آذربائیجان کے ڈپٹی اسپیکر علی احمد یوف، ازبکستان کے ڈپٹی چیئرمین صودق سیفووف، مراکش کے اسپیکر محمد ولد الرشید، روانڈا کے سینیٹ صدر فرانکیوس ژیویر، اور مالدیپ کے اسپیکر عبد الرحیم عبداللہ بھی اپنے اپنے وفود کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں۔
ملائیشیا کے نائب صدر ایوانِ بالا نور جزلان بن محمد اور فلپائن کے پارلیمانی وفد سمیت دیگر ممالک کے نمائندے بھی کانفرنس میں شرکت کے لیے موجود ہیں۔ اس کے علاوہ بارباڈوس کے اسپیکر آرتھر یوجین ہولڈر، سیربیا کے ڈپٹی اسپیکر ایڈن ڈرلیک اور الجیریا کے رکنِ پارلیمنٹ سعد اروس کی قیادت میں آنے والے وفود کو بھی شاندار انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔
سینیٹ کی قیادت کے مطابق، یہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس مختلف ممالک کے پارلیمانی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے، جمہوری اقدار کے فروغ اور عالمی پارلیمانی سفارتکاری کو نئی جہت دینے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔ کانفرنس کے دوران مختلف اجلاسوں میں امن و استحکام، پائیدار ترقی، انسانی حقوق، اور خطے میں پارلیمانی تعاون جیسے اہم امور پر غور کیا جائے گا۔

