وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے واضح کیا کہ اسلام آباد اور وانا واقعے کی پوری طرح تحقیقات ہوں گی اور جو بھی دہشت گردی میں ملوث ہے اسے دنیا کے سامنے بےنقاب کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے وانا کے کیڈٹ کالج پر حملہ آور دہشتگردوں کے خلاف افواجِ پاکستان کے کامیاب آپریشن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل اور حساس آپریشن تھا اور اس میں بڑی مہارت کے ساتھ طلبا کی جانیں بچائی گئی ہیں — اے پی ایس سے بھی دس گنا بڑا واقعہ ہوسکتا تھا مگر افواج نے 550 طلبا کو کامیابی سے ریسکیو کیا۔ یہ بہت بڑی کامیابی ہے اور اس پر افواجِ پاکستان کو شاباش دی جانی چاہیے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان کا موقف واضح رہا ہے: افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو اور افغانستان سے دہشت گردوں کی سہولت کاری بند کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور وانا کے واقعات کے ٹھوس شواہد جمع کیے جائیں گے اور انہیں دوست ممالک اور بین الاقوامی فورمز کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ دہشت گردی کے مزید شواہد دستیاب ہونے پر حکمتِ عملی ترتیب دی جائے گی اور جو بھی اس میں ملوث ہوگا، اس کی شناخت کرکے دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

