اقوام متحدہ نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے مرتکب عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے بزدلانہ حملے انسانی اقدار کے منافی ہیں اور کسی طور برداشت نہیں کیے جا سکتے۔
سیکرٹری جنرل نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے کی جامع اور شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ اس میں ملوث تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کسی قوم، مذہب یا خطے سے منسلک نہیں، بلکہ یہ پوری انسانیت کے خلاف جرم ہے جس کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کو متحد ہونا ہوگا۔
یاد رہے کہ منگل کی دوپہر اسلام آباد کے جی الیون سیکٹر میں کچہری کے قریب ایک زور دار خودکش دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار خودکش حملہ آور نے پولیس کی گاڑی کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس کے نتیجے میں قریب کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی، جبکہ حملہ آور کے اعضا اڑ کر کچہری کے احاطے میں جا گرے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملے کا ہدف پولیس کی گاڑی تھی، تاہم واقعے کی تفتیش مختلف پہلوؤں سے جاری ہے۔

