لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں آلودگی کے ڈیرے برقرار ہیں، اور لاہور دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت کا ایئر کوالٹی انڈیکس 455 تک جا پہنچا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں آلودگی کے درج ذیل ریکارڈ کیے گئے ہیں: راوی روڈ 855، پنجاب یونیورسٹی کے اطراف 742، ماڈل ٹاؤن 682 اور ساندہ روڈ 618۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12 جبکہ زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد تک پہنچ گیا، اور ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں بہاولپور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 620، ملتان میں 571، فیصل آباد 418 اور گوجرانوالہ 340 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بھارتی دارالحکومت دہلی دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 761 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل بڑھتی آلودگی شہریوں کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور صبح کے اوقات میں کھلی فضا میں سرگرمیوں سے پرہیز کریں۔

