اسلام آباد: جسٹس امین الدین خان آج وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ اس تقرری کی منظوری صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے دی، جس کے بعد وزارتِ قانون نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جسٹس امین الدین خان کو وفاقی آئینی عدالت کا سربراہ مقرر کرنے کی سمری صدر کو ارسال کی گئی تھی، جس کی منظوری کے بعد آج اُن کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی۔
اسی تناظر میں 27 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس بھی آج طلب کیا گیا ہے، جہاں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آئینی ترمیم ایجنڈے سے ہٹ کر بھی زیرِ بحث آسکتی ہے۔ فل کورٹ اجلاس کی درخواست سپریم کورٹ کے تین جج صاحبان نے خط کے ذریعے کی تھی، جبکہ اجلاس میں سپریم کورٹ رولز پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جسٹس امین الدین خان کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا ہے۔

