مقبوضہ جموں وکشمیر میں سری نگر کے نوگام پولیس اسٹیشن میں زوردار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دھماکا ضبط کیے گئے امونیم نائٹریٹ کے پھٹنے سے ہوا، جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوئے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق دھماکے سے پولیس اسٹیشن کے اندر بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ متعدد گاڑیاں مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں آ گئیں جبکہ عمارت کے کچھ حصے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور بتایا ہے کہ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ دھماکے کی اصل وجوہات اور ممکنہ سکیورٹی نقائص کا تعین کیا جا سکے۔ علاقے میں سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

