امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد سے آئندہ ملاقات کی تصدیق کر دی۔
ائیر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ آئندہ ہفتے سعودی ولی عہد سے ملاقات صرف رسمی ملاقات نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر اہم مذاکرات ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے دفاعی اور اقتصادی تعلقات پر بات چیت ہوگی اور مشترکہ مفادات پر توجہ دی جائے گی۔
صحافی کے سوال پر کہ کیا سعودی عرب کو ایف-35 طیارے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، امریکی صدر نے کہا کہ سعودی عرب بڑی تعداد میں ایف-35 اور دیگر لڑاکا طیارے خریدنے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ دنیا کے بہترین طیارے اور میزائل تیار کرتا ہے اور اس ٹیکنالوجی کی فروخت سے خطے میں دفاعی صلاحیتیں مضبوط ہوں گی۔
ابراہیمی معاہدوں سے متعلق سوال پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ معاہدے بھی ملاقات میں زیرِ بحث آئیں گے اور انہیں امید ہے کہ سعودی عرب جلد ابراہیمی معاہدے میں شامل ہو جائے گا، جس سے خطے میں امن اور استحکام کو فروغ ملے گا۔

