غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہفتے کو کانگو کے صوبہ لوالابا میں ایک پل گرنے کے بعد کان دھنس گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 32 کان کن ہلاک ہوئے۔ صوبہ لوالابا کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ اب تک 32 لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کی وجہ سے اس مقام تک رسائی پر پابندی تھی، لیکن غیر قانونی کان کنوں نے زبردستی کان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ ڈوبے ہوئے حصے پر بنایا گیا عارضی پل کان کنوں کی زیادہ تعداد برداشت نہ کر سکا اور گر گیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق کانگو میں تقریباً 2 لاکھ افراد غیر قانونی کانوں میں کام کرتے ہیں، جو خطرناک حالات کی وجہ سے بدنام ہیں۔

