دبئی ائیر شو 2025 کا آغاز المکتوم انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر شاندار فضائی کرتب کے ساتھ ہوا جس میں دنیا بھر کی فضائی اور دفاعی صنعت کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس ایونٹ میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے جنگی طیارے ڈسپلے ایریا میں ایک دوسرے کے انتہائی قریب کھڑے رہے جس نے شائقین کی خصوصی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔ مسلسل جاری رہنے والے فلائنگ ڈسپلے کے دوران مختلف ممالک کے جنگی اور تجارتی طیاروں نے خیرہ کن کرتب پیش کیے، بلند پروازوں، تیز رفتاری کے ڈیموز اور بہترین فارمیٹ میں کی گئی فلائنگ نے فضا کو ولولہ اور جوش سے بھر دیا۔ شرکا کی جانب سے یہ مظاہرے بے حد سراہ گئے اور ہر نئی پرفارمنس پر داد و تحسین کی گونج سنائی دیتی رہی۔
پاکستان ایئر فورس کا جے ایف 17 تھنڈر اس بار بھی نظرِ مرکز بنا رہا۔ رواں برس مئی میں پاکستانی فضائیہ کی کامیابیوں کے حوالے سے فضا میں موجود احساس کو دبئی ائیر شو میں بھی محسوس کیا گیا، شرکا نے سبز ہلالی پرچم تلے جگمگاتے پاکستانی طیاروں کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور پاکستانی پائلٹس کی پیشہ ورانہ مہارت کی کھل کر تعریف کی۔ کئی غیر ملکی ماہرین، دفاعی مبصرین اور شائقین گفتگو کے دوران پاکستان کی ایوی ایشن قابلیت اور دفاعی ٹیکنالوجی کو سراہتے نظر آئے۔
پاکستانی اور اماراتی طیاروں کی مشترکہ پرواز نے ایونٹ کو مزید یادگار بنا دیا۔ اس میچور فارمیٹ اور ہم آہنگی نے حاضرین کے دل جیت لیے اور آسمان پر دونوں ممالک کی دوستی کا حسین نقش بھی چھوڑا۔ اس دوران پاکستانی پائلٹس کے مہارت بھرے اسٹنٹ اور جنگی تیاریوں کا واضح مظاہرہ دیکھنے والوں کے لیے ایک خاص توجہ کا مرکز رہا۔
پانچ روزہ دبئی ائیر شو کے دوران عالمی دفاعی معاہدوں میں اضافے، جدید فضائی ٹیکنالوجی کی لانچنگ اور ہر روز فلائنگ ڈسپلے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ یہ ایونٹ نہ صرف عالمی فضائی صنعت کے لیے اہم سنگِ میل ہے بلکہ پاکستان جیسے ملک کے لیے اپنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر تسلیم کروانے کا بہترین موقع بھی ثابت ہو رہا ہے۔

