پاکستانی کیوئیسٹ اسجد اقبال نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اسنوکر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے جس پر کھیلوں کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
عمان میں جاری اسنوکر ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں اسجد اقبال نے بھارت کے تجربہ کار اور عالمی شہرت یافتہ کیوئیسٹ پنکج ایڈوانی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی۔ اسجد کی بھرپور توجہ، اسٹیمنہ اور مہارت نے بھارتی کھلاڑی کو کسی بھی فریم میں سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ چار فریمز کے اس میچ میں اسجد اقبال نے 100-00، 92-37، 117-16 اور 83-21 سے فتح حاصل کی، جو ان کی بہترین فارم اور مضبوط ذہنی تیاری کا ثبوت ہے۔
بھارتی کیوئیسٹ پنکج ایڈوانی، جو متعدد عالمی اعزازات کے حامل ہیں، ایک بھی فریم نہ جیت سکے، جس نے اسجد اقبال کی جیت کو مزید نمایاں بنا دیا۔ اس بھرپور فتح کے باوجود دونوں کھلاڑیوں نے میچ کے بعد اسپورٹس مین اسپرٹ کا شاندار مظاہرہ کیا، ہاتھ ملایا اور ایک دوسرے کو گلے لگا کر کھیل کے وقار کو بلند کیا۔ شائقین اور ماہرین کے مطابق اسجد کی یہ کارکردگی مستقبل کے بڑے کھلاڑی کے طور پر ان کی حیثیت کو مزید مضبوط کرتی ہے۔
واضح رہے کہ اسجد اقبال اب سیمی فائنل میں فرانس کے نکولز مورٹریوکس کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اسجد نے اسی تسلسل کے ساتھ کھیل جاری رکھا تو وہ فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوسکتے ہیں۔ ملک بھر میں کھیلوں کے شائقین اس تاریخی موقع پر اسجد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔

