امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ نیویارک کے نئے میئر ظہران ممدانی سے ملاقات 21 نومبر کو اوول آفس میں ہوگی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے ایک بیان میں بتایا کہ نیو یارک کے میئر ظہران ممدانی نے ملاقات کی درخواست کی تھی اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ یہ ملاقات جمعہ کو ہوگی۔ ملاقات میں دونوں رہنماء شہر کے مستقبل اور وفاقی سطح پر تعاون کے امور پر بات چیت کریں گے۔
ظہران ممدانی رواں ماہ مسلم امیدوار کے طور پر نیویارک سٹی کے میئر منتخب ہوئے ہیں، جنہوں نے اپنے انتخابی مقابلے میں سابق گورنر اور آزاد امیدوار اینڈریو کومو اور ری پبلکن امیدوار کرٹس سلوا کو شکست دی۔ میئر ممدانی کی تاریخی کامیابی نے امریکی سیاست میں ایک نیا باب رقم کیا اور مسلم کمیونٹی میں جوش و خروش پیدا کیا۔
واضح رہے کہ میئر ممدانی اور صدر ٹرمپ کے تعلقات گزشتہ برسوں میں ناخوشگوار رہے ہیں۔ الیکشن مہم کے دوران ظہران ممدانی نے ٹرمپ اور ان کی جماعت کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ صدر ٹرمپ نے انہیں فنڈز جاری نہ کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ اس ملاقات سے توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت ہوسکے گی اور شہر اور وفاقی حکومت کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

