پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ڈائریکٹر جنرل لائسنسنگ بریگیڈیئر (ر) عامر شہزاد نے کہا ہے کہ پی ٹی اے بیرون ملک سے درآمد کیے جانے والے موبائل فونز پر ٹیکس میں کمی کا مکمل حامی ہے۔
اے آئی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ موبائل فونز پر ٹیکس وصولی کا اختیار پی ٹی اے کے پاس نہیں بلکہ یہ ذمہ داری فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ہے، اس لیے عوام کو درپیش مشکلات کے باوجود پی ٹی اے ٹیکس پالیسی میں براہِ راست کردار ادا نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہم بھی موبائل فون ٹیکس سے اتنے ہی متاثر ہیں جتنے عام صارفین‘‘، اور پی ٹی اے کو اکثر عوام کے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے حالانکہ ٹیکس کا فیصلہ ایف بی آر کرتا ہے۔ عامر شہزاد کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے کے افسران کو بھی کسی قسم کے مفت موبائل فون یا خصوصی مراعات نہیں ملتیں، بلکہ وہ بھی عام شہریوں کی طرح مکمل ٹیکس ادا کرتے ہیں۔
ڈی جی لائسنسنگ نے زور دیا کہ ٹیکنالوجی کے فروغ اور عام صارفین کی سہولت کے لیے موبائل فونز پر ٹیکس میں کمی ضروری ہے تاکہ درآمدات کی لاگت کم ہو، مارکیٹ میں مقابلہ بڑھے اور صارفین کو بہتر ڈیوائسز مناسب قیمت پر دستیاب ہو سکیں۔

