نیپئر میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان شے ہوپ نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ایک منفرد عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور ساتھ ہی اپنی ٹیم کی تاریخ میں بھی کئی سنگ میل عبور کیے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شے ہوپ نے ابتدا سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 69 گیندوں پر 13 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 109 رنز بنائے۔
ان کی اس برق رفتار سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے 34 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے، تاہم یہ مجموعہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکا اور نیوزی لینڈ نے 3 گیندیں قبل ہدف حاصل کر کے سیریز اپنے نام کر لی۔
شے ہوپ کی اس سنچری نے انہیں بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 13 مختلف ٹیموں کے خلاف سنچری بنانے والا بیٹر بنادیا۔ اس فہرست میں انہوں نے مہیلا جے وردھنے اور کرس گیل کا 12،12 ٹیموں کے خلاف سنچریوں کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ شے ہوپ نے نہ صرف 11 ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک بلکہ نیدرلینڈز اور نیپال جیسی فل ممبر ٹیموں کے خلاف بھی سنچریاں اسکور کی ہیں۔
بین الاقوامی کرکٹ میں زیادہ ٹیموں کے خلاف سنچری بنانے والوں میں اب شے ہوپ 13 سنچریوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں، جبکہ سچن ٹنڈولکر، گیری کرسٹن، رکی پونٹنگ، راہول ڈریوڈ، کمار سنگاکارا، ہاشم آملہ، شیکھر دھون، مارٹن گپٹل اور پال سٹرلنگ 11 ٹیموں کے خلاف سنچریاں بنا چکے ہیں۔
ون ڈے کرکٹ میں بھی شے ہوپ نے سب سے زیادہ 13 مختلف ٹیموں کے خلاف سنچریاں بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ اس سے قبل سچن ٹنڈولکر، رکی پونٹنگ، کرس گیل، ہاشم آملہ اور مارٹن گپٹل نے 11،11 ٹیموں کے خلاف سنچریاں اسکور کی تھیں۔
شے ہوپ نے دنیا کے 10 مختلف ممالک میں بھی ون ڈے سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اس فہرست میں سب سے آگے سچن ٹنڈولکر اور سنتھ جے سوریا ہیں جنہوں نے 12 مختلف ممالک میں سنچریاں بنائی ہیں، جبکہ کرس گیل اور ویرات کوہلی بھی 10 ممالک میں سنچریاں بنا چکے ہیں۔
142 ون ڈے میچوں میں شے ہوپ تیز ترین 6 ہزار رنز بنانے والے ویسٹ انڈیز کے دوسرے بیٹر بھی بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے یہ اعزاز ویوین رچرڈز نے 141 میچوں میں حاصل کیا تھا۔ اسی کے ساتھ انہوں نے برائن لارا کی 19 سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کر لیا، جبکہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں (25) کرس گیل کے پاس ہیں۔
شے ہوپ تیز ترین 19 سنچریاں بنانے والی فہرست میں پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ان سے آگے بابر اعظم (102 میچ)، ہاشم آملہ (104)، ویرات کوہلی (124) اور ڈیوڈ وارنر (139) ہیں، جبکہ کرس گیل اور برائن لارا نے یہ سنگ میل بالترتیب 189 اور 243 اننگز میں عبور کیا تھا۔
شے ہوپ کی اس تاریخی اننگز کے بعد انہیں جدید ون ڈے کرکٹ کے سب سے مستقل اور خطرناک بلے بازوں میں شمار کیا جانے لگا ہے۔

