عکاشہ صادق نے ڈسٹرکٹ انچارج پنجاب ریونیو اتھارٹی کا چارج سنبھال لیا
لیہ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے لیہ میں سیلز ٹیکس کی وصولی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس حوالے سے عکاشہ صادق نے بطور ڈسٹرکٹ انچارج چارج سنبھال لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کا بنیادی مقصد تاجر برادری سے 16 فیصد سیلز ٹیکس وصول کرنا اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کیش میں کام کرنے والے تاجروں پر 16 فیصد، جبکہ بینک یا دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے لین دین کرنے والوں پر 5 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔ روزانہ کی بنیاد پر 16,600 روپے سے زائد کا سامان فروخت کرنے والا دکاندار بھی سیلز ٹیکس دینے کا پابند ہوگا۔ عکاشہ صادق نے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی میں رجسٹرڈ ہونے کے لیے پہلے ایف بی آر میں رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے اور ہر ماہ گوشوارہ جمع کروانا لازمی ہوگا۔
انہوں نے شہریوں اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی قانونی تکلیف سے بچنے کے لیے خود کو رجسٹرڈ کروائیں اور باضابطہ طریقے سے سیلز ٹیکس ادا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ہوٹلز، ریسٹورنٹس، بڑے تاجروں، شاپنگ مالز، ہاؤسنگ سوسائٹی کے ڈویلپرز، ملز مالکان اور ٹرانسپورٹ گڈز کے کاروبار رجسٹرڈ کیے جا رہے ہیں اور آہستہ آہستہ ضلع بھر کے ہر قسم کے سروس فراہم کرنے والے کاروبار کو رجسٹرڈ کر کے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
مزید برآں، مختلف کاروبار جیسے میرج ہال، ٹینٹ سروس، کیٹرنگ، کوریئر، کارگو، ٹی وی و کیبل اشتہارات، موبائل، انٹرنیٹ، سافٹ ویئر، پراپرٹی ڈویلپرز، بیوٹی پارلرز، جمز، آئی ٹی اور دیگر سروس فراہم کرنے والے کاروبار بھی سیلز ٹیکس کے دائرہ کار میں شامل ہیں۔
عکاشہ صادق نے دکانداروں اور کاروباری افراد کو ہدایت کی کہ وہ اپنی خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ رکھیں، تاکہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی ٹیم کسی بھی وقت اس کا جائزہ لے سکے۔

