فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں قائم کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کے باعث خوفناک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد جاں بحق جبکہ 7 شدید زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے فوراً بعد فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اتنا زوردار تھا کہ فیکٹری مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی جبکہ قریبی گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں، جس سے رہائشیوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق اب تک 15 افراد کی لاشیں ملبے سے نکالی جاچکی تھیں جبکہ ایک شدید زخمی اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا، جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے 7 زخمیوں کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا جہاں اُنہیں فوری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری اور ملحقہ گھروں کے ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث ریسکیو کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ پر بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے جبکہ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر فائٹرز مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔ دوسری جانب علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور قریبی اسپتالوں میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے جائے حادثہ کے اردگرد لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی لگا دی ہے تاکہ ریسکیو آپریشن میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ندیم ناصر نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی شروع کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی تاکہ بوائلر پھٹنے کی اصل وجہ سامنے لائی جا سکے اور آئندہ ایسے سانحات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی جبکہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لیے معاوضے کی سفارش بھی کی جائے گی۔

