پنجاب میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک حد تک خراب ہوچکی ہے۔ حکومتی کوششوں کے باوجود فضا میں بہتری نہ آسکی اور تازہ اعداد و شمار کے مطابق اب سے کچھ دیر قبل لاہور کو پنجاب کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ ماحولیات پنجاب کی ویب سائٹ کے مطابق لاہور میں ایئر پارٹیکولیٹ میٹرز کی مقدار 414 ریکارڈ کی گئی، جو انسانی صحت کے لیے نہایت خطرناک سطح ہے۔
لاہور ہی نہیں بلکہ دیگر شہروں کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ خانیوال میں ایئر پارٹیکولیٹ میٹرز 412، فیصل آباد میں 354 جبکہ ملتان میں 342 ریکارڈ کیے گئے، جو شدید آلودگی کی کیٹیگری میں شمار ہوتے ہیں۔ ان شہروں میں اسموگ، دھند، ٹریفک کے دھوئیں اور صنعتی اخراج نے صورتحال مزید بگاڑ دی ہے۔
ورلڈ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کو 330 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 450 کی سطح کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ سطح عوام کی صحت کے لیے نہایت نقصان دہ ہے اور سانس، آنکھوں اور دل کے امراض میں تیزی سے اضافہ ہوسکتا ہے۔

