لاہور: پاکستان سپر لیگ میں توسیع کا بڑا فیصلہ سامنے آ گیا ہے، دو نئی ٹیموں کی نیلامی آئندہ سال 6 جنوری کو ہوگی۔ جیو نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل میں توسیع کے لیے اہم سنگِ میل عبور کرلیا ہے اور اس سلسلے میں چھ ممکنہ شہروں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔
پی ایس ایل کی دو نئی فرنچائزز کے لیے جن شہروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ان میں فیصل آباد، راولپنڈی، حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد اور گلگت شامل ہیں۔ ان شہروں میں کرکٹ کا بھرپور جنون اور اسٹیڈیم کی دستیابی جیسے عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخاب کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نئی ٹیموں کی نیلامی 6 جنوری 2026 کو ہوگی، اور صرف وہی بولی دہندگان نیلامی میں حصہ لے سکیں گے جو تکنیکی طور پر کوالیفائی کریں گے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس مرحلے کو شفاف اور سخت معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے گا تاکہ فرنچائزز مضبوط سرمایہ کاروں کے حوالے کی جا سکیں۔
اس حوالے سے سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ عالمی سطح کی ٹی ٹوئنٹی لیگ کے طور پر تیزی سے ترقی کر رہی ہے، اور نئی ٹیموں کا شامل ہونا لیگ کے اسٹرکچر اور مقابلے کے معیار کو مزید بہتر بنائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس توسیع سے نہ صرف ملک میں کرکٹ کو فروغ ملے گا بلکہ نئے ٹیلنٹ کے لیے مواقع بھی بڑھیں گے۔

