کراچی میں بھتا مافیا کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں تیز ہوگئی ہیں۔ ایس آئی یو اور دیگر اداروں نے مشترکہ آپریشن کے دوران بھتے کے لیے فون کرنے والے مرکزی ملزم سمیت چار بھتا خوروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے ہونے والی تحقیقات میں اہم شواہد سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کے موبائل فونز سے بھتہ مانگنے اور دھمکیوں سے متعلق شواہد برآمد کیے گئے ہیں۔ یہ گروہ کراچی کے مختلف کاروباری افراد کو بین الاقوامی نمبر سے کال کر کے بھاری رقم کا مطالبہ کرتا تھا۔ ملزمان نے منگھوپیر میں ماربل فیکٹری کے مالک کے ساتھ ساتھ ایک کار شوروم کے مالک سے بھی بھاری بھتا طلب کیا تھا۔
منگھوپیر کی ماربل فیکٹری کے مالک کو 10 کروڑ روپے بھتے کی پرچی بھجوائی گئی تھی، جس کے ساتھ دو گولیاں بھی لف تھیں، جبکہ کار شوروم کے مالک کو 50 لاکھ روپے بھتے کی پرچی موصول ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق شوروم مالک سے بھتا نہ ملنے پر ملزمان نے اس کی کار پر فائرنگ بھی کی، جس کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار بھتا خوروں سے مزید تفتیش جاری ہے اور توقع ہے کہ اس گروہ سے منسلک مزید ملزمان بھی جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ اداروں کا کہنا ہے کہ شہر میں بھتا مافیا کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی تاکہ شہریوں اور کاروباری طبقے کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

