فیصل آباد: ملک پور کی کیمیکل فیکٹری میں بوائلر دھماکے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 15 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے ہیں۔
کمشنر فیصل آباد راجا جہانگیر انور کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ دھماکا گیس پائپ لائن پھٹنے سے ہوا، جس کا سب سے زیادہ اثر فیکٹری سے ملحقہ گھروں کے رہائشیوں پر پڑا۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں فیکٹری کے ملازمین کے علاوہ قریبی مکین بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے طبی امداد دی جا رہی ہے۔
راجا جہانگیر انور نے بتایا کہ ملک پور میں چار مختلف فیکٹریاں ایک ساتھ منسلک ہو کر کام کر رہی تھیں، جس کی وجہ سے دھماکے کے اثرات زیادہ وسیع تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب خود ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہی ہیں اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں تاکہ امدادی کارروائیاں مؤثر طریقے سے انجام دی جا سکیں۔
خیال رہے کہ ملک پور کی کیمیکل فیکٹری میں ہونے والے دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور دھماکا اس قدر شدید تھا کہ فیکٹری کی عمارت زمین بوس ہو گئی جبکہ قریبی گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی اور پولیس و ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

