دبئی — دبئی ایئر شو میں بھارتی فضائیہ کا مقامی طور پر تیار کردہ لڑاکا طیارہ تیجس مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے کا پائلٹ ہلاک ہوگیا۔ بھارتی فضائیہ نے حادثے اور پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ دوپہر 2 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا، جب تیجس طیارہ ایروبیک اسٹنٹ کے دوران اچانک زمین سے ٹکرا گیا۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جن میں تکنیکی خرابی یا پائلٹ کی مہارت سے متعلق پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حادثے کے فوراً بعد ایئر شو میں لڑاکا طیاروں کا مظاہرے کا سیشن معطل کر دیا گیا۔ دبئی ایئر شو کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی جنگی طیارہ شو کے دوران گر کر تباہ ہوا ہو۔
چند روز قبل تیجس طیارے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں اس کے فیول ٹینک سے تیل لیک ہوتے دیکھا جا سکتا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ 2016 سے سروس میں تھا اور دو سال سے بھی کم عرصے میں تیجس کا یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے پہلے مارچ 2024 میں ایک تیجس طیارہ راجستھان کے شہر جیسلمیر میں گر کر تباہ ہوا تھا۔
تیجس طیارے کی پہلی آزمائشی پرواز 2001 میں ہوئی تھی، تاہم حالیہ واقعات کے بعد اس کی کارکردگی اور قابلِ اعتماد ہونے سے متعلق سوالات اٹھ رہے ہیں۔ تحقیقات جاری ہیں اور بھارتی فضائیہ نے مکمل رپورٹ جلد جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

