پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے دبئی ائیر شو میں بھارتی لڑاکا طیارے تیجس کے گرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا:
"دشمن کے مرنے پر خوشی نہ منانا، کسی دن سجناں بھی مر جائیں گے۔”
آفریدی کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا وہ کسی کے لیے اچھا نہیں ہوا۔
کرکٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور قومی ٹیم اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے، امید ہے کہ ورلڈکپ میں بھی بہترین کھیل پیش کرے گی۔
پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت پر آفریدی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مزید کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز دبئی ائیر شو کے دوران بھارتی جنگی طیارہ تیجس ایروبیٹک اسٹنٹ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ بھارتی ائرفورس نے حادثے اور پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔

