6 قومی اور 7 صوبائی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم کا وقت رات 12 بجے مکمل ہوگیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ اب ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 6 اور پنجاب اسمبلی کی 7 نشستوں پر کل ووٹ ڈالے جائیں گے، جبکہ وزارت داخلہ نے 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران سول آرمڈ فورسز اور پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ملک بھر میں قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 18 ہری پور، این اے 96 فیصل آباد، این اے 104 فیصل آباد، این اے 129 لاہور، این اے 143 ساہیوال اور این اے 185 ڈی جی خان میں ضمنی الیکشن ہوگا۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 98 بھکر، پی پی 115 فیصل آباد، پی پی 116 فیصل آباد، پی پی 73 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی، پی پی 203 ساہیوال اور پی پی 269 مظفرگڑھ میں بھی کل ووٹنگ ہوگی۔
وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ضمنی انتخابات کے دوران سول آرمڈ فورسز دوسرے درجے پر بطور کوئیک ری ایکشن فورس تعینات رہیں گی جبکہ پاک فوج تیسرے درجے پر کوئیک ری ایکشن فورس کے طور پر موجود رہے گی۔ الیکشن کمیشن نے بھی پاکستان آرمی، سول آرمڈ فورسز اور مقامی پولیس کی تعیناتی کی منظوری دیتے ہوئے نامزد عسکری اور سول افسران کو مجسٹریٹ درجہ اوّل کے اختیارات تفویض کر دیے ہیں۔

