نائیجیریا میں ایک کیتھولک اسکول سے 200 سے زائد طلبہ کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اغوا کا یہ بڑا واقعہ جمعے کے روز نائیجیریا کے شمال مغربی علاقے میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے سینٹ میری کیتھولک اسکول پر دھاوا بول کر 227 طلبہ کو اسلحے کے زور پر اغوا کیا۔
کرسچن ایسوسی ایشن آف نائیجیریا نے طلبہ کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کے وقت کچھ بچوں نے بھاگ کر جان بچالی تاہم اکثریت کو مسلح گروہ اپنے ساتھ لے گئے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین کے مطابق ان کے ریکارڈ کے مطابق 215 طلبہ اور 12 اساتذہ کو اغوا کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 2024 کے بعد سے اب تک کے سب سے بڑے اغوا کا کیس ہے۔ اس سے قبل 2024 میں کدانا ریاست میں تقریباً 200 طلبہ کو اغوا کیا گیا تھا۔ چیئرمین نے بتایا کہ وہ واقعے کے فوراً بعد اسکول پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
پولیس اور مقامی انتظامیہ نے بھی سینٹ میری اسکول سے طلبہ اور اساتذہ کے اغوا کی تصدیق کر دی ہے، جبکہ سیکیورٹی اداروں نے مغویوں کی بازیابی کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
—

