لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ قومی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہونے تک جماعت اسلامی کا کوئی امیدوار نہیں ہوگا۔
لاہور کے مینارِ پاکستان پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام بدل دو نظام کے عنوان سے ہونے والے اجتماعِ عام کے آخری دن خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں میں نظم و ضبط کا شدید بحران ہے، جبکہ جماعت اسلامی میں ہر فرد نظام کے تحت ہی آگے بڑھے گا۔
اپنے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے جو کچھ کیا جا رہا ہے وہ انتہائی غلط ہے، امریکا کی غلامی اختیار کر کے پاکستان نے بہت نقصان اٹھایا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے حکمران فلسطین کی بھرپور حمایت کریں اور اس مسئلے پر پوری قوم کو متحد کریں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ قومی انتخابات کے شیڈول کے اعلان تک جماعت اسلامی کسی بھی سطح پر امیدوار سامنے نہیں لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی قوم کو متحد رکھنے کی سیاست کرتی ہے اور صوبوں کو آپس میں الجھانے والوں کا حصہ نہیں بنے گی۔

