قطر ائیر ویز 5 سال بعد ایک بار پھر دنیا کی بہترین ایئرلائن قرار دی گئی ہے۔ فضائی مسافروں کے حقوق کی عالمی تنظیم ائیر ہیلپ نے 2025 کی سالانہ درجہ بندی جاری کی جس میں دنیا بھر کی ایئرلائنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دنیا کی بہترین ایئرلائنز کا انتخاب تین بنیادی نکات کی بنیاد پر کیا گیا: وقت کی پابندی، صارفین کی رائے اور کلیم پروسیسنگ۔ ہر ایئرلائن کو مجموعی طور پر 10 میں سے اسکور دیا گیا، اور ان تینوں عوامل کو برابر اہمیت دی گئی۔
قطر ائیر ویز نے وقت کی پابندی، بہترین کسٹمر سروس اور کلیمز کے مؤثر حل میں شاندار کارکردگی دکھائی، جس کے بعد اسے 2025 کی دنیا کی نمبر ون ایئرلائن قرار دیا گیا۔
درجہ بندی میں متحدہ عرب امارات کی اتحاد ائیر ویز دوسرے نمبر پر رہی، جب کہ برطانیہ کی ورجن اٹلانٹک نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان ایئرلائنز نے مسافروں کی سہولت، جدید سروسز اور بہتر انتظامات کے ذریعے عالمی سطح پر اعلیٰ معیار قائم کیا ہے۔

