کراچی: شہرِ قائد میں ٹریفک سگنلز کی ناکافی تعداد اور اکثر کے غیر فعال ہونے کے باعث ای چالان سسٹم کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ موجودہ صورتحال میں نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے بلکہ جدید نظام کی مؤثر نگرانی بھی ممکن نہیں رہی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق کراچی کے 89 ٹریفک سگنلز میں سے صرف 69 فعال ہیں جبکہ 20 مکمل طور پر غیر فعال ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگر دیگر بڑے شہروں کا تقابل کیا جائے تو ممبئی میں 569 ایل ای ڈی ٹریفک سگنلز کام کررہے ہیں جبکہ نئی دہلی میں ان کی تعداد 2160 ہے، جو دونوں شہروں میں جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹمز کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ کراچی میں زیادہ تر سگنلز کے غیر فعال ہونے سے ای چالان نظام کی ریکارڈنگ، نگرانی اور جرمانے جاری کرنے کے عمل میں رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں۔ ان کے مطابق شہر میں ٹریفک مینجمنٹ کو مؤثر بنانے کے لیے سوا ارب روپے مالیت کے کم از کم 400 جدید اور خودکار سگنلز درکار ہیں، تاکہ شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولت فراہم کی جاسکے۔
پیر محمد شاہ نے مزید بتایا کہ نئے منصوبے میں خودکار ٹریفک مینجمنٹ کے حامل 400 اسمارٹ سگنلز نصب کیے جائیں گے، جو مرکزی کنٹرول سسٹم کے تحت ٹریفک کے بہاؤ کو خودکار انداز میں منظم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تجرباتی طور پر پی آئی ڈی سی چوک پر ایک جدید اسمارٹ سگنل نصب کردیا گیا ہے، جس سے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
حکام کے مطابق، جدید سسٹم کی تنصیب ٹریفک جام، حادثات اور قوانین کی خلاف ورزیوں میں کمی لائے گی اور ای چالان سسٹم بھی زیادہ مؤثر اور شفاف طریقے سے کام کرسکے گا۔

