غزہ میں موسم سرما کی بارش کے بعد اسرائیلی حملوں سے تباہ حال فلسطینی عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق شدید سردی اور بارش کے باعث بے گھر فلسطینی افراد کے خیموں اور اسپتالوں میں پانی داخل ہوگیا ہے، جس سے انسانی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
اسرائیل نے غزہ میں خیمے اور دیگر امدادی سامان کی آمد روک رکھی ہے، جس کے باعث فلسطینی گیلے اور خراب حالات والے خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ رپورٹس کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی حمایت یافتہ متنازع امدادی تنظیم غزہ ہیومنٹیریئن فاؤنڈیشن نے بھی غزہ میں آپریشن روکنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ادھر اسرائیلی فوج کی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بھی جاری ہیں۔ تازہ کارروائی میں مزید چار فلسطینی شہید ہو گئے۔ 10 اکتوبر کے جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اسرائیل 500 سے زائد بار جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔
دوسری جانب حماس نے ایک اور یرغمالی کی باقیات اسرائیل کے حوالے کر دی ہیں، جس سے یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے عالمی توجہ مرکوز ہوئی ہے۔

