امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ان کی انتظامیہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے پیش کیے جانے والے امن معاہدے کے قریب پہنچ گئی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں تھینکس گیونگ کی تقریب سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس اور یوکرین کی جنگ میں ہزاروں فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، تاہم اب اس جنگ کے خاتمے کے لیے پیش کیے جانے والے امن معاہدے پر غیر معمولی پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی 9 ماہ کی مدت میں انہوں نے 8 جنگیں روکیں اور اب ایک اور جنگ کے خاتمے پر کام کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے یوکرین سے متعلق سوشل میڈیا پر بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف کو ماسکو بھیجا ہے تاکہ روسی صدر سے ملاقات کر کے معاہدے کے چند باقی اختلافی نکات طے کیے جائیں۔
وائٹ ہاؤس نے بھی امن معاہدے سے متعلق پیش رفت کی تصدیق کی اور کہا کہ کچھ نازک نکات پر مزید بات چیت درکار ہے۔ چند روز قبل امریکی اور یوکرینی حکام نے جنیوا میں 28 نکاتی امریکی امن تجویز پر مذاکرات کیے، جس کے بعد دونوں ممالک نے نئے فریم ورک پر کام کرنے کا اعلان کیا۔
یاد رہے کہ امریکی صدر نے یوکرین کو امن معاہدہ قبول کرنے کے لیے 27 نومبر کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔

