رحیم یار خان: تھانہ بھونگ کی حدود میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں دو کمسن بھائی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ پولیس کے مطابق شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا پیچھا اہلِ علاقہ نے کیا، جس پر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔
اسی دوران فائرنگ کی زد میں آکر 8 سالہ احمد اور 10 سالہ شاہ زیب شدید زخمی ہوئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ دونوں بھائی قریبی علاقے کے رہائشی تھے اور واقعے کے وقت گھر کے باہر موجود تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ قریبی مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔
علاقہ مکینوں نے کمسن بچوں کی ہلاکت پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے سخت ترین سزا دی جائے۔

