دبئی: متحدہ عرب امارات نے فلسطینیوں کے لیے خوراک کے ایک کروڑ پیکٹس تیار کرنے کی وسیع انسانی ہمدردی پر مبنی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ یہ مہم دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی اپیل کے بعد شروع ہوئی، جنہوں نے اپنی عوام سے فلسطینی بھائیوں کی مدد کی درخواست کی تھی۔
شیخ محمد کی اپیل کے بعد دبئی ایکسپو سٹی میں خوراک کی پیکنگ کا کام تیزی سے جاری ہے، جہاں رضاکار بڑے پیمانے پر حصہ لے رہے ہیں۔ رضاکار 7 دسمبر کو ایک بار پھر جمع ہوں گے تاکہ امدادی جہاز کے لیے غزہ کے بچوں اور خاندانوں کے لیے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر امدادی پیکٹس تیار کیے جا سکیں۔
اطلاعات کے مطابق شیخ محمد ہیومینیٹیرین شپ بھی غزہ کی جانب روانہ ہوگی، جو مختلف امدادی سامان کے ساتھ وہاں کے متاثرین تک ضروری اشیاء پہنچائے گی۔
پچھلے دو برسوں میں متحدہ عرب امارات نے غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے لیے امداد کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا۔ اسی دوران 8700 ٹرک غزہ روانہ کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 16 لاکھ امدادی پیکجز شامل تھے۔ اماراتی مہم الفارس الشہم تھری کے تحت 250 امدادی قافلے بھیجے گئے جنہوں نے غذائی اشیاء، بچوں کا سامان، ادویات اور دیگر ضروریات زندگی وہاں پہنچائیں۔
خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی امدادی پیکجز بھی تیار کیے گئے، جن میں خوراک، دوائیں، کپڑے، کمبل اور حفظانِ صحت کا سامان شامل تھا۔ اس کے علاوہ غزہ کے لیے 33 ایمبولینسیں بھی فراہم کی گئیں جبکہ ایک فیلڈ کلینک بھی قائم کیا گیا جو مسلسل متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
اماراتی امداد میں پینے کے پانی کی فراہمی،water purification systems اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی بھی شامل ہے، تاکہ تباہ حال غزہ کے شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

