راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی صحت کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں کے بعد اڈیالہ جیل حکام نے وضاحت جاری کی ہے۔
جیل حکام کے مطابق عمران خان اڈیالہ جیل میں مکمل طور پر صحت مند ہیں اور ان کی صحت کے حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام افواہیں بے بنیاد ہیں۔ اڈیالہ جیل حکام نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے اور انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
مزید یہ کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل سے منتقل کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور وہ جیل میں موجود ہیں۔ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہیں کہ عمران خان کو کسی اور مقام منتقل کیا جا رہا ہے، حقیقت کے برعکس ہیں اور ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔
حکام نے شہریوں اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ اس نوعیت کی بے بنیاد خبروں پر بھروسہ نہ کیا جائے اور صرف تصدیق شدہ معلومات پر ہی یقین کریں۔

