کراچی میں ہیوی وہیکلز میں ٹریکر نصب کرنے کا کام مکمل یا تیزی سے جاری ہے جبکہ آن لائن فوڈ رائیڈرز کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر وارننگ دی گئی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق شہر میں 13 ہزار ہیوی وہیکلز میں ٹریکر نصب کر دیے گئے ہیں اور باقی 13 ہزار دیگر ہیوی وہیکلز میں ٹریکر کی تنصیب جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نصب شدہ ٹریکرز کا مکمل کنٹرول ٹریفک پولیس کے پاس ہے اور اگر کوئی ہیوی وہیکل مقررہ حد رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کرتی ہے تو اس کے خلاف چالان کیا جائے گا۔
دوسری جانب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر آن لائن فوڈ رائیڈرز کے خلاف بھی ایکشن کی تیاریاں کی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ آن لائن فوڈ رائیڈرز کو بلا کر ضابطہ اخلاق کی پابندی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ یہ رائیڈرز اکثر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں، جس سے شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اور حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور حادثات کے امکانات کو کم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

