اسلام آباد: رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط کی وجہ سے عوام کو فوری ریلیف نہیں دیا جا سکتا
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے لیکن بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کی وجہ سے فوری اقدامات ممکن نہیں ہیں۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کے پروجیکٹ کے لانچ کے بعد ملک میں اقتصادی بحران پیدا ہوا۔ 2017 میں مہنگائی کی شرح صرف 3 فیصد تھی، جو چار سال میں بڑھ کر 40 فیصد تک پہنچ گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت آئی ایم ایف کے پروگرام کے مکمل ہونے کے بعد عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی پوزیشن میں ہوگی۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک کی ترقی اور عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ ماضی میں ملک کو نقصان پہنچا چکے ہیں، ان کے حساب کا وقت بعد میں آ سکتا ہے، لیکن ملک کی بہتری کے لیے کام جاری رہنا چاہیے۔
سینیٹر رانا ثنااللہ نے ہری پور ضمنی الیکشن میں کامیابی پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ یہ نتائج خوشی کے ساتھ ساتھ حیرانی کا باعث بھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہری پور میں انتخابی مہم چلا رہے تھے، دھمکیاں دے رہے تھے، جھوٹے مقدمات درج کروا رہے تھے اور نازیبا زبان استعمال کر رہے تھے، لیکن اس کے باوجود عوام نے حقائق کے مطابق فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نفرت، دھمکیوں اور جھوٹے مقدمات کا نتیجہ کبھی مثبت نہیں نکلتا، اور عوام کی شعور اور درست فیصلے کا یہ مظاہرہ ہے۔

