بھارتی کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں 2-0 کی شکست نے ہلا کر رکھ دیا ہے، جس کے بعد ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور چیف سلیکٹر اجیت اگر کار کو ہٹانے کے مطالبات سامنے آئے ہیں۔
گوہاٹی ٹیسٹ میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے والے جنوبی افریقہ کے کپتان ٹمبا باووما نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ فتوحات حاصل کرنے والے کپتان کا اعزاز اپنے نام کر لیا، انہوں نے 12 ٹیسٹ میچوں میں 11 فتوحات حاصل کیں اور ایک میچ ڈرا کرایا۔
بھارت کے لیے یہ اور بھی شرمناک ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی 100 سالہ تاریخ میں پہلی بار 2024 میں نیوزی لینڈ نے ہوم گراؤنڈ پر بھارت کو 3-0 سے وائٹ واش کیا تھا، اور اب صرف ایک سال سے بھی کم عرصے میں جنوبی افریقہ نے ہوم سیریز میں بھارت کو 2-0 سے کلین سوئپ کا شکار کر دیا۔
سابق بھارتی بولر وینکٹش پرساد نے گوتم گمبھیر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ "دماغی مریض” ہیں، جبکہ روی چندرن ایشون نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف یہ بھارت کی اب تک کی خراب ترین بیٹنگ تھی۔
ماہرین کے مطابق یہ وائٹ واش بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے اور موجودہ انتظامیہ کے خلاف عوامی اور میڈیا میں شدید تنقید جاری ہے۔

