اسلام آباد: ایف آئی اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ اور ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے حوالے سے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا۔
ہدایت نامے میں ایف آئی اے عملے پر واضح کیا گیا ہے کہ آف لوڈ یا ڈی پورٹ ہونے والے تمام افراد کی باقاعدہ مکمل تلاشی لازمی لی جائے۔ بغیر تلاشی حوالات میں بند کرنے کا عمل سنگین غفلت قرار دیا گیا ہے کیونکہ اس کے باعث اہم شواہد غائب ہونے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ایسے تمام افراد کا سامان، دستاویزات، موبائل فونز، سگریٹ سمیت ہر چیز فوری طور پر قبضے میں لی جائے اور اس کا تفصیلی ریکارڈ دستاویزی شکل میں مرتب کیا جائے۔
مزید کہا گیا ہے کہ تمام کارروائی مکمل ہونے کے بعد افراد سے دستخط لیے جائیں اور مکمل ریکارڈ متعلقہ ایس ایچ او اور محرر کے حوالے کیا جائے تاکہ شفافیت اور قانونی تقاضوں کی پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔

