اسلام آباد: پاکستان نے امریکا کی جانب سے ایف 16 کی اپ گریڈیشن کے لیے امداد کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرانی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے ایف سولہ طیاروں کی اپ گریڈیشن کے لیے امداد کا فیصلہ خوش آئند ہے اور پاکستان اس اقدام کو سراہتا ہے۔
ترجمان نے افغانستان میں علماء کی جانب سے منظور ہونے والی قرارداد کے بارے میں کہا کہ پاکستان نے اس مسودے کو نہیں دیکھا اور ماضی میں افغانستان نے ایسے وعدے کئی بار کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا ان وعدوں پر عمل درآمد ہوا؟ پاکستان نے افغان حکومت سے تحریری گارنٹی طلب کی ہے، لیکن افغان طالبان کی جانب سے کوئی تحریری گارنٹی موصول نہیں ہوئی۔ طاہر حسین اندرانی نے کہا کہ پاکستان افغان علماء کے بیان کا جائزہ لے گا۔
ترجمان نے بھارت کے رویے پر بھی اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ریاستی پشت پناہی میں دہشت گردی جاری ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ متنازعہ اور نفرت انگیز بیان کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پروپیگنڈے کے ذریعے حقائق کو مسخ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان ملک کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور اپنی ذمہ داریوں کو پوری ایمانداری کے ساتھ ادا کر رہی ہیں۔

