کیا آپ یقین کریں گے کہ دنیا بھر کے تقریباً تمام ممالک کے قومی پرچم تین مخصوص رنگوں پر مشتمل ہوتے ہیں؟ حیرت انگیز طور پر سرخ، سفید اور نیلا وہ رنگ ہیں جو دنیا کے زیادہ تر قومی پرچموں میں کسی نہ کسی شکل میں ضرور شامل ہیں۔
دنیا بھر کے لگ بھگ 200 ممالک میں سے صرف ایک ملک ایسا ہے جس کے قومی پرچم میں سرخ، سفید یا نیلا، تینوں میں سے کوئی ایک رنگ بھی استعمال نہیں کیا گیا۔
تو سوال یہ ہے کہ وہ واحد ملک کون سا ہے؟
دنیا کا واحد پرچم جس میں سرخ، سفید یا نیلا شامل نہیں
کیرئیبین کے خطے میں واقع جمیکا دنیا کا وہ واحد ملک ہے جس کے قومی پرچم میں سرخ، سفید یا نیلا رنگ شامل نہیں۔
جمیکا کا پرچم سبز، سیاہ اور سنہری (گولڈ) رنگوں کے امتزاج پر مشتمل ہے۔
اس منفرد پرچم کے ڈیزائن کی منظوری اگست 1962 میں دی گئی، جو ملک کی آزادی کا سال بھی ہے۔ پرچم میں سنہری رنگ سورج کی روشنی اور قدرتی دولت، سبز رنگ زرخیز زمین اور امید، جبکہ سیاہ رنگ جدوجہد اور مشکلات کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
قومی پرچموں میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے رنگ
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق دنیا کے قومی پرچموں میں رنگوں کے استعمال کے اعداد و شمار کچھ یوں ہیں:
- سرخ رنگ: 74 فیصد ممالک
- سفید رنگ: 71 فیصد ممالک
- نیلا رنگ: 50 فیصد ممالک
دلچسپ بات یہ ہے کہ 29 ممالک ایسے بھی ہیں جن کے پرچموں میں یہ تینوں رنگ، یعنی سرخ، سفید اور نیلا، ایک ساتھ موجود ہیں۔
سرخ، سفید اور نیلے کے بعد کون سا رنگ عام ہے؟
ان تینوں رنگوں کے بعد سبز سب سے زیادہ استعمال ہونے والا رنگ ہے، جسے 68 ممالک نے اپنے قومی پرچم میں شامل کیا ہے۔
جبکہ پیلا رنگ صرف 9 فیصد قومی پرچموں میں نظر آتا ہے۔
سب سے نایاب رنگ کون سا ہے؟
قومی پرچموں میں سب سے کم استعمال ہونے والے رنگوں میں گلابی شامل ہے، جو صرف اسپین اور میکسیکو کے پرچموں میں کسی حد تک استعمال ہوا ہے۔
تاہم ایک رنگ ایسا بھی ہے جسے دنیا کے کسی ملک نے اپنے قومی پرچم کے لیے بالکل منتخب نہیں کیا، اور وہ ہے جامنی رنگ۔
یوں جمیکا کا پرچم نہ صرف رنگوں کے اعتبار سے منفرد ہے بلکہ عالمی سطح پر اسے ایک خاص شناخت بھی حاصل ہے، جو اسے دنیا کے تمام قومی پرچموں سے ممتاز بناتی ہے۔

