غزہ میں اسرائیلی فوج کی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، اور تازہ حملے میں مزید 6 فلسطینی شہید ہو گئے۔
الجزیرہ کے مطابق جمعہ کو اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مشرقی علاقے تفاح میں ایک اسکول کو نشانہ بنایا گیا، جس میں فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے۔ حملے میں 6 فلسطینی شہید اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ جنگ بندی معاہدے کی تازہ ترین خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں بھی چھاپے مارے، جن میں متعدد فلسطینی زخمی اور گرفتار ہوئے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی حالیہ جنگ میں غزہ میں اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 70 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اور انسانی حقوق کے ادارے اس بحران کی شدت پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
