کراچی: پی ایس 9 شکار پور کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار آغا شہباز درانی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن میں سنگین غلطی سامنے آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں ایک واضح اور غیر معمولی غلطی دیکھی گئی۔ نوٹیفکیشن میں آغا شہباز درانی کے والد آغا سراج درانی کو والد کے بجائے شوہر درج کر دیا گیا، جس پر سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ میں شدید تنقید سامنے آئی۔
میڈیا میں معاملہ اجاگر ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے فوری نوٹس لیتے ہوئے آغا شہباز درانی کی کامیابی کا درست نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ الیکشن کمیشن حکام کے مطابق یہ محض ایک تکنیکی اور کتابتی غلطی تھی جسے بروقت درست کر لیا گیا ہے۔
اس واقعے کے بعد انتخابی دستاویزات کی تیاری اور جانچ پڑتال کے عمل پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ شہریوں کی جانب سے انتخابی اداروں سے زیادہ احتیاط اور ذمہ داری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

