واشنگٹن: امریکہ میں موجود 2 ہزار افغان شہریوں کے دہشت گرد تنظیموں سے روابط کا انکشاف ہوا ہے۔
نیشنل انٹیلی جنس کی ڈائریکٹر تلسی گبارڈ نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بائیڈن انتظامیہ کے دوران افغانستان سے آنے والے شہریوں کی جانچ کے سست عمل پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن الائیز ویلکم کے تحت تقریباً 18 ہزار افغان شہری امریکہ میں داخل ہوئے، جن کی ابتدائی جانچ مکمل نہیں کی گئی تھی۔
تلسی گبارڈ کے مطابق ان 18 ہزار میں سے تقریباً 2 ہزار افغان شہریوں کے دہشت گرد تنظیموں، بشمول داعش، سے براہِ راست یا ممکنہ روابط پائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تنظیمیں امریکی سرزمین پر حملوں کی منصوبہ بندی میں سرگرم ہیں اور ایسے افراد کی تلاش میں ہیں جو یہ کارروائیاں انجام دے سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن الائیز ویلکم کے تحت آنے والے افغان شہریوں کا اب قریبی جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔ گبارڈ نے خبردار کیا کہ غیر قانونی طور پر امریکہ میں آنے والے افراد کی تعداد میں بھی حالیہ برسوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے سیکیورٹی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
یہ انکشاف امریکہ میں داخلی سلامتی کے لیے ایک سنگین انتباہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور حکام نے مزید سخت نگرانی اور جانچ کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

