بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کی ہٹ دھرمی کے باوجود بھارتی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر کشن سنگھ نے اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرکے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔
دبئی میں جاری انڈر 19 ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے ایک میچ کے دوران کرکٹ کے میدان سے ایک ایسا منظر سامنے آیا جس نے کھیل کی اصل روح کو ایک بار پھر زندہ کر دیا۔ ٹاس کے بعد بھارتی انڈر 19 ٹیم کے کپتان نے اپنی سینئر ٹیم کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستانی کپتان سے مصافحہ نہیں کیا، جس پر شائقین کرکٹ میں مایوسی دیکھی گئی۔ یہ رویہ بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کی اس پالیسی کا تسلسل سمجھا جا رہا ہے جس پر ماضی میں بھی تنقید ہوتی رہی ہے۔
تاہم میچ کے دوران ایک خوشگوار واقعہ پیش آیا جس نے تمام تر سیاسی کشیدگی اور منفی ماحول کے باوجود ثابت کر دیا کہ کرکٹ آج بھی جینٹل مین گیم ہے اور کھلاڑیوں کی انفرادی سوچ اور کردار کھیل کی اصل پہچان ہوتے ہیں۔
میچ کے دوران جب پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کر رہی تھی تو 60 رنز پر کھیلنے والے پاکستانی بیٹر حذیفہ احسن کے ایک جوتے کا تسمہ کھل گیا۔ حذیفہ نے خود تسمہ باندھنے کی کوشش کی، مگر بیٹنگ پیڈز اور گلوز کی وجہ سے انہیں شدید مشکل کا سامنا تھا۔ اسی لمحے بھارتی انڈر 19 ٹیم کے فاسٹ بولر کشن سنگھ نے کھیل روک کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا اور جھک کر خود حذیفہ احسن کے جوتے کا تسمہ باندھ دیا۔
بھارتی فاسٹ بولر کے اس چھوٹے مگر معنی خیز عمل نے میدان میں موجود شائقین ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے کرکٹ مداحوں کے دل بھی جیت لیے۔ اس واقعے کو کھیل میں اسپورٹس مین اسپرٹ کی اعلیٰ مثال قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے ماحول میں جہاں سیاست اور تناؤ اکثر کھیل پر حاوی دکھائی دیتا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی یہ منظر تیزی سے وائرل ہو گیا۔ ایک صارف نے اس موقع کی تصویر کو ایکس پر شیئر کرتے ہوئے اسے ‘پکچر آف دی ڈے’ قرار دیا اور لکھا کہ یہ ایک چھوٹا سا عمل تھا مگر اس کے پیچھے ایک بڑا پیغام چھپا تھا، کہ کرکٹ صرف جیت اور ہار کا کھیل نہیں بلکہ احترام، انسانیت اور کھیل کی روح کا نام ہے۔
ایک اور سوشل میڈیا صارف نے اسے سال کا یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے بھارتی کرکٹر کشن سنگھ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایسے ہی رویے کھیل کو سیاست سے بالاتر رکھتے ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مثال بنتے ہیں۔
یہ واقعہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ اگرچہ ادارہ جاتی سطح پر سخت رویے دیکھنے کو ملتے ہیں، مگر انفرادی طور پر کھلاڑی آج بھی کھیل کی اصل اقدار کو سمجھتے اور نبھاتے ہیں۔ کشن سنگھ کے اس عمل نے یہ ثابت کر دیا کہ میدان میں موجود چند لمحے بھی دو ممالک کے عوام کے درمیان مثبت پیغام پہنچا سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس میچ میں بھارت نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دی، تاہم نتیجے سے زیادہ اس میچ کا یہ انسان دوست اور اسپورٹس مین اسپرٹ سے بھرپور لمحہ شائقین کرکٹ کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے نقش ہو گیا

