کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے رمضان المبارک کے دوران 5 لاکھ افراد کے لیے سحری اور افطار کے انتظامات کا اعلان کر دیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے رمضان المبارک کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں مستحق افراد کے لیے بڑے پیمانے پر سحر و افطار کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
گورنر سندھ نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران 9 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اشیاء فراہم کی جائیں گی، جن میں ادویات، لیپ ٹاپس، موٹر سائیکلز، راشن بیگز اور سلائی مشینیں شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد غریب اور مستحق افراد کی عملی مدد کرنا ہے۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ تاجروں کو اعتماد ہے کہ ان کی جانب سے دیا گیا سامان شفاف طریقے سے مستحق افراد تک پہنچایا جائے گا اور اس عمل کی مکمل نگرانی کی جائے گی۔

