اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ کے 11ویں سیزن میں بقیہ دو نئی ٹیموں کو شامل کرنے کے لیے ٹینڈر پر بولی کی نیلامی 8 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں منعقد کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نئی ٹیموں کی بولی کے لیے بیس پرائس 40 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی ہے، جس میں مزید اضافے کا بھی امکان ہے۔ بولی میں حصہ لینے والوں کو سکیورٹی ڈپازٹ کے طور پر 2 لاکھ ڈالر بطور بڈنگ فیس جمع کرانا ہوں گے۔ جو امیدوار بولی میں ناکام ہوگا، اسے 20 ہزار ڈالر فیس کے طور پر ادا کرنا ہوں گے جبکہ ایک لاکھ 80 ہزار ڈالر واپس کر دیے جائیں گے۔
ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی بڈ کمیٹی تمام ٹیکنیکل معاملات کا تفصیلی جائزہ لے گی، جس کے بعد کوالیفائیڈ بڈرز کو نیلامی میں شرکت کے لیے مدعو کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق جو مالک دس سالہ حقوق کے لیے فرنچائز خریدے گا وہ ابتدائی تین سال تک اسے فروخت نہیں کر سکے گا، تاہم تین سال مکمل ہونے کے بعد 2029 میں وہ چاہے تو اپنی مرضی سے مالکانہ حقوق سے دستبردار ہو سکے گا۔
پی سی بی کی ٹینڈر دستاویز کے مطابق تمام 8 ٹیموں کو 2026 سے 2030 تک پانچ سال کے لیے سینٹرل پول سے سالانہ 30 لاکھ ڈالر ملیں گے، تاہم دستاویز میں بقیہ پانچ سال کے حوالے سے کوئی وضاحت شامل نہیں ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ علی ترین اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان تنازع کے باعث ملتان سلطانز کے مالک نے فرنچائز چھوڑنے کا اعلان کیا ہے، ان کا معاہدہ 31 دسمبر کو ختم ہو جائے گا۔ پی سی بی کے زیر غور یہ تجویز بھی موجود ہے کہ آئندہ سال ملتان سلطانز کے معاملات خود پی سی بی چلائے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کی ونڈو کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پی ایس ایل کا میلہ اگلے برس 26 مارچ سے 3 مئی تک مختلف شہروں میں سجے گا، جبکہ اسی روز بھارتی لیگ آئی پی ایل کا بھی آغاز ہوگا۔

