واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کی قیادت میں امریکا نے صرف 10 ماہ میں 8 جنگیں رکوائیں اور وہ کارنامہ انجام دیا جو کوئی اور نہ کر سکا۔
واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایک سال قبل امریکا ناکامیوں کے دہانے پر کھڑا تھا اور ملک کو مردہ قرار دیا جا رہا تھا، تاہم ایک سال کے اندر جو کامیابیاں حاصل کی گئیں وہ کسی اور کے حصے میں نہیں آئیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 10 ماہ کے عرصے میں 8 جنگوں کا خاتمہ کیا گیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ بائیڈن دور کی پالیسیاں دوبارہ نافذ نہیں ہونے دی جائیں گی۔ ان کے بقول بائیڈن کے دور میں غیر قانونی تارکین وطن نے امریکیوں کی نوکریاں چھینیں، جبکہ ان کی انتظامیہ میں پیدا ہونے والی تمام نئی نوکریاں امریکا میں پیدا ہونے والے شہریوں کو دی گئیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں کرپٹ نظام کے خاتمے کے لیے بھاری مینڈیٹ ملا ہے اور امریکا میں غیر قانونی آمدورفت کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا میں زمین اور سمندر کے راستے منشیات کی اسمگلنگ میں 94 فیصد تک کمی لائی گئی ہے، جو ان کی حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔

