اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک مسلمان خاتون کا نقاب کھینچنے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت میں مسلم خاتون کے ساتھ بدسلوکی اور اس کا مذاق اڑانا قابل مذمت ہے اور ایسے واقعات بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا اور عدم برداشت کی عکاسی کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مسلم خواتین کی تذلیل کو معمول بنانا ایک تشویشناک رجحان ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق اور انسانی وقار کے تحفظ کا مطالبہ کرتا ہے۔ ترجمان کے مطابق بہار کے وزیراعلیٰ کی جانب سے خاتون کا حجاب کھینچنا ایک شرمناک اور غیر انسانی فعل ہے، جس کے نتیجے میں متاثرہ خاتون شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوئیں اور انہوں نے سرکاری ملازمت نہ لینے کا فیصلہ بھی کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک اور اہم معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی تبدیلی پر شدید تشویش رکھتا ہے۔ ان کے مطابق 7 دسمبر کے بعد دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں اچانک کمی بیشی ریکارڈ کی گئی جبکہ بغیر پیشگی اطلاع پانی چھوڑنا انڈس واٹر ٹریٹی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انڈس واٹر کمیشن کے ذریعے بھارت سے وضاحت طلب کر لی ہے کیونکہ زرعی سیزن کے دوران دریا کے بہاؤ سے چھیڑ چھاڑ عوامی زندگی اور غذائی سلامتی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتی ہے۔

