راولپنڈی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر افراد کو اشتہاری ملزم قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے احکامات پر مختلف مقامات پر طلبی کے نوٹسز چسپاں کر دیے گئے ہیں، جبکہ جوڈیشل کمپلیکس میں بھی نمایاں جگہوں پر نوٹسز آویزاں کیے گئے ہیں۔
عدالتی نوٹسز کے مطابق سہیل آفریدی، مینا خان، امجد خان، شفیع اللہ جان اور امجد آفریدی کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ کارروائی انسداد دہشتگردی عدالت کے سیکشن 87 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔
نوٹسز میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں کر رہے یا روپوش ہیں، اس لیے انہیں آخری بار عدالت میں پیش ہونے کا موقع دیا جا رہا ہے۔
عدالت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اگر ملزمان مقررہ مدت میں پیش نہ ہوئے تو قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

