امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا میں ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہو کر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں معروف امریکی موٹر اسپورٹس ریسنگ ڈرائیور گریگ بفل بھی اپنے اہلِ خانہ سمیت شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد تکنیکی خرابی یا کسی ہنگامی صورتحال کے باعث واپس ہوائی اڈے کی جانب آیا۔ لینڈنگ کے دوران طیارہ حادثے کا شکار ہوا، جس کے فوراً بعد اس میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کی شدت کے باعث طیارے میں سوار تمام افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پا لیا، تاہم قیمتی جانیں بچائی نہ جا سکیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور ہوائی اڈے کی سرگرمیاں عارضی طور پر متاثر ہوئیں۔
امریکی حکام کے مطابق طیارہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی اور متعلقہ ادارے حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اصل وجہ سامنے آ سکے۔

