دبئی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث نظامِ زندگی شدید متاثر ہوا ہے۔ شدید بارش، تیز ہواؤں اور خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر حکام نے احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کر دی ہے، جبکہ پرائیویٹ سیکٹر کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ریموٹ ورک اختیار کرے۔ حکام کے مطابق صرف انتہائی ضروری عملہ ہی دفاتر میں حاضری دے گا تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مشکلات اور خطرات سے بچایا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے دبئی اور ابو ظبی کے لیے شدید موسم کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے، جس میں شہریوں کو محتاط رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ موسمی اداروں کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے جس کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
خراب موسم کے باعث دبئی کے معروف تفریحی مقامات گلوبل ولیج اور عین دبئی کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ سیاحتی سرگرمیوں میں شامل اسکائی ڈائیو کی تمام پروازیں اور سرگرمیاں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی ان مقامات کو دوبارہ کھولنے سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔
موسم کی خرابی اور تیز بارش کے اثرات فضائی آپریشن پر بھی پڑے ہیں۔ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے اور جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ دبئی ائیرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں اور ممکنہ تاخیر کے پیش نظر وقت سے پہلے ائیرپورٹ پہنچیں۔
دبئی پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش کے دوران ڈرائیونگ میں خصوصی احتیاط برتی جائے، زیرِ آب سڑکوں سے بچا جائے اور ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کیا جائے۔ حکام کے مطابق دبئی میں موسم جمعے کی رات سے بتدریج بہتر ہونے کی توقع ہے، تاہم شہریوں کو تازہ موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

